مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست کرناٹک میں انکم ٹیکس حکام نے وزیر توانائی کو ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کرکے گھر سے ساڑھے 7 کروڑ روپے نقد برآمد کرلئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں انکم ٹیکس حکام اور پولیس نے کانگریس سے تعلق رکھنے والے ڈی کے شیوکمار کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا۔ انکم ٹیکس حکام نے ریاستی وزیر کی دیگر 39 املاک پر بھی چھاپے مارے جب کہ نئی دہلی میں ان کے گھر سے ساڑھے 7 کروڑ روپے نقد ضبط کرلئے ہیں۔ جس وقت شیوکمار کے لگژری فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا وہاں کانگریس کے 44 رکن اسمبلی موجود تھے جو چار روز سے وہاں ٹھہرے ہوئے تھے۔ شیوکمار جوڑ توڑ کے ماہر سمجھے جاتے ہیں اور کانگریس نے انہیں منحرف ہونے والے ارکان اسمبلی کو پارٹی میں واپس لانے کا ٹاسک دیا تھا جس کے لیے انہوں نے ریاست گجرات کے 44 ارکان اسمبلی کو اپنے فارم ہاؤس پر مدعو کیا تھا، تاہم اسی دوران انکم ٹیکس حکام نے چھاپہ ماردیا۔ ادھر کانگریس نے بی جے پی کی مرکزی حکومت پر ڈی کے شیوکمار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ریاستی مشینری کے غلط استعمال کا الزام لگایا ہے۔
ہندوستانی ریاست کرناٹک میں انکم ٹیکس حکام نے وزیر توانائی کو ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کرکے گھر سے ساڑھے 7 کروڑ روپے نقد برآمد کرلئے ہیں۔
News ID 1874291
آپ کا تبصرہ